عوامی خدمت کے لئے کسی بھی جماعت اور شخصیت کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہوں :گورنر سندھ عمران اسماعیل

Jul 20, 2019 | 08:54 PM

ٹنڈو محمد خان(ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا مقصد ہی عوام کی خدمت ہے،میں اور وفاقی حکومت سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو کر سکتے ہیں وہ کرینگے،اسکے لیے وہ کسی بھی جماعت اور شخصیات کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں،وزیر اعظم  عمران خان سندھ میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ ہیں،انہوں نے مجھے بھی کہا تھا کہ تم بحیثیت گورنراگر سندھ کے لوگوں کا بھلا کر سکتے ہو توکرو ورنہ واپس آجاؤ ،ہماری کوشش ہے کہ ہم سندھ کیلئے وہ ترقیاتی کام کر جائیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں ۔

ٹنڈو محمد خان  میں سید ذوالفقار علی شاہ رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےگورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کہا کہ سندھ کی عوام کو بنیادی سہولیات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ، وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ اندرون سندھ کے معاملات بہتر کیے جائیں تاکہ سندھ کی عوام کو زیادہ زیادہ ریلیف مل سکے، دریا ئے سندھ میں پانی ہونے کے باوجود بعض علاقوں میں پانی نہیں پہنچ پاتا ، اس ضمن میں منصفانہ پانی کی تقسیم کو یقینی بنایا جائیگا ، جبکہ سندھ میں بچوں سے زیادتیوں کے کیسز بھی بڑھتے جارہے ہیں، وفاق سندھ کی عوام کی مدد کے لیے ہرممکن اقدام کرنے کو تیار ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کی بات نہ پہلے ہمارے ذہن میں تھی نہ اب ہے،وزیر اعظم نے پہلے بھی کہا تھا کہ ہمیں سندھ میں گورنر راج لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق، صوبوں اور سینیٹ میں تبدیلی آئینی اور جمہوری طریقے سے ہی آ سکتی ہے، جو اکثریت ثابت کریگا وہ تبدیلی لے آئیگا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی بحران سے گذر رہا ہے،اس بحران سے نکلنے کیلئے لوگوں کو ٹیکس دینا ہوگا،ہماری قوم سب سے زیادہ زکوۃ و خیرات دینے والی قوم ہے مگر لوگوں کو پچھلی حکومتوں پر اعتماد نہیں تھا اس لیے وہ ٹیکس نہیں دیتے تھے مگر اب لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ان کے ٹیکس کی رقم ان پر ہی خرچ کی جائیگی تو وہ ٹیکس بھی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے،ملک کی دو بڑی حکمران جماعتوں نے ماضی میں اپنی حکومتوں میں ایک دوسرے خلاف کیسز بنائے ۔سندھ میں نیب کی کاروائیوں کی سست روی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اورماضی کی حکومتوں نے اداروں کو اپنے قابو میں رکھنے کی کوشش کی۔

مزیدخبریں