حکومت نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دیدی

May 20, 2025 | 05:30 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت پاکستان نے معرکہ حق ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں پاکستان کی تاریخ کے ایک نازک مرحلے "معرکۂ حق" اور "آپریشن بنیان مرصوص" میں شاندار کامیابی پر پاک فوج اور عوام کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پوری قوم کو دشمن کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے پر مبارکباد دی اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو پاک فوج کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور قیادت کا نتیجہ قرار دیا۔

اجلاس میں حکومت پاکستان کی جانب سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے اس اقدام کو پاکستان کی علاقائی سالمیت کے دفاع اور دشمن کو شکست دینے میں ان کی جرأت مندانہ قیادت کا اعتراف قرار دیا۔وفاقی کابینہ نے انکشاف کیا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی، جس میں سول آبادی، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دشمن کی یہ کوشش پاکستان کی خودمختاری کو پامال کرنے کی ناپاک سازش تھی۔

اس موقع پر کابینہ نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے مثالی جرأت، فہم و فراست، اور عسکری حکمت عملی سے نہ صرف پاک فوج کی قیادت کی بلکہ تمام مسلح افواج کی کارروائیوں کو بھرپور انداز میں ہم آہنگ کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کو ایک تاریخی فتح حاصل ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بعدازاں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے فیصلے پر انہیں اعتماد میں لیا۔علاوہ ازیں، وفاقی کابینہ نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت پوری ہونے کے باوجود ان کی خدمات جاری رکھنے کا متفقہ فیصلہ کیا۔آخر میں وفاقی کابینہ نے اعلان کیا کہ "آپریشن بنیان مرصوص" کے دوران بہادری اور قربانی کے جوہر دکھانے والے افواجِ پاکستان کے افسران و جوانوں، غازیوں، شہداء، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔

مزیدخبریں