بنوں(ڈیلی پاکستان آن لائن)بنوں کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارجیوں کی جانب سے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے، خوارجیوں کے خودکش حملے میں 12سکیورٹی اہلکار شہیدہو گئے۔
پاک فوج کی شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارجیوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی،سکیورٹی اہلکاروں نے خوارجیوں کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی،آئی ایس پی آر کے مطابق داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی،خوارج کے خودکش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، خوارجیوں کے خودکش حملے میں 12سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے،شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10اہلکار اور 2فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 6خوارجی ہلاک کردیئے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔سکیورٹی فورسز ، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہید ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے حوالدار محمد جاوید، ایبٹ آباد کے نائیک طہماس احمد، ہری پورکے نائیک باسط فرید شامل ہیں۔