لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیکرٹری اطلاعات پنجاب سیدطاہر رضا ہمدانی نے فیک نیوز شائع کرنے پر ڈان اخبار کو لیگل نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈان اخبار غیر مشروط معافی مانگے اور تسلیم کرے کہ شائع کی گئی تمام معلومات جھوٹی، گمراہ کن اور بے بنیاد تھیں۔
نوٹس کے مطابق ڈان اخبار اپنی گزشتہ اور جھوٹی خبر جتنی نمایاں معافی بھی شائع کرے اور ڈان اس بات کو تسلیم کرے کہ رپورٹ کی گئی معلومات جھوٹی، گمراہ کن اور بے بنیاد تھیں۔نوٹس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈان ضمانت دے کہ وہ آئندہ پنجاب حکومت کے خلاف اس طرح کا جھوٹا مواد بغیر تصدیق کے شائع نہیں کرے گا۔
اس حوالے سے سیکریٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی کا کہنا تھا کہ ڈان اخبار اگر ان مطالبات پر عمل نہیں کرتا اور یہ نوٹس وصول کرنے کے 7 دن کے اندر اس کا جواب نہیں دیتا تو ہمارے پاس ان کے خلاف defamation جیسے مقدمات شروع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ ان مقدمات میں فوجداری کارروائی بھی شامل ہو سکتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب پاکستان کے قوانین کے تحت مناسب قانونی طریقہ کار اختیار کرنے کا پورا حق محفوظ رکھتی ہے۔ پنجاب حکومت پاکستان پریس کونسل میں شکایت درج کرانے اور اپنی شہرت کو پہنچنے والے نقصان کے عوض خاطر خواہ ہرجانہ طلب کرنے کا بھی حق رکھتی ہے۔