لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چیف منسٹر لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے طلباء کو 90دن میں لیپ ٹاپ دینے کاہدف مقرر کیاہے۔ پنجاب کے طلباء کو جدید ترین کور آئی سیون،13جنریشن لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے 2ہزار اقلیتی طلباء کو بھی لیپ ٹاپ دینے کاحکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے میٹرک اور ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کو لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی ہے۔
طلباء کو گارڈ آف آنر بھی دیاجائے گا۔ یونیورسٹیوں کے 20ہزار،کالجز کے 14ہزار، ٹیکنیکل و ایگریکلچر کے 4ہزار، میڈیکل اورڈینٹل کالجز کے 2ہزار طلباء کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں 32فیصد جنوبی پنجاب کے طلباءہ شامل ہوں گے۔ طلباء کو وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 30دن میں 5ہزار اور 20فروری تک 35ہزار لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، سائنس، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، بزنس، لینگوئج، ویٹرنری اور ایگریکلچر کے طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔پنجاب بھر میں 30ہزار سرکاری اور 10 ہزار پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلباء کو سکالرشپ بھی دیئے جائیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 18ہزار طالبات کو وظائف ملیں گے۔ چار سے پانچ سال تک طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس ہونہار سکالر شپ کے تحت ادا کی جائے گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہونہار سکالر شپ کیلئے 68329 درخواستیں موصول ہوئیں اور 34290 درخواستوں کی تصدیق مکمل کر لی گئی۔ پنجاب کے پبلک سیکٹریونیورسٹیز میں ہدف سے زائد 15.5 فیصد اضافی انرولمنٹ کی گئی ہے۔ 18پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں وائس چانسلر کی تعیناتی، 6 یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کی تعیناتی کا پروسیس جاری ہے اورایک یونیورسٹی کی اسامی کی دوبارہ تشہیر کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم میں شفافیت یقینی بنانے پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔