واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )میٹا کے بانی مارک زکربرگ دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 198 ارب ڈالرز ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ ویسے ان کی تصاویر دیکھ کر تو محسوس ہوتا ہے کہ وہ زیادہ پیسے خرچ کرنا پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ اکثر سادہ گرے ٹی شرٹس ہی پہنے نظر آتے ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے انہیں محض ایک ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے۔
مگر حالیہ مہینوں میں مارک زکربرگ نے اپنے ذاتی انداز کو کافی حد تک بدلا ہے اور چمکتی سونے کی چین اب اکثر گلے میں جھولتی نظر آتی ہے۔
مگر اب انہوں نے جو گھڑی خریدی ہے اس کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے۔
وہ آج کل De Bethune DB25 Starry Varius Aérolite نامی بہت نایاب گھڑی پہنے نظر آتے ہیں۔
ہر سال ایسی 5 گھڑیاں تیار کی جاتی ہیں اور اس کا ڈائل ایک شہاب ثاقب سے تیار کیا جاتا ہے جس کا ڈیزائن کہکشاں جیسا ہوتا ہے جبکہ اس پر 24 قیراط سونے کے پتے موجود ہیں۔
اس کا سٹریپ مگرمچھ کی کھال سے تیار کیا جاتا ہے۔
اس گھڑی کی واضح قیمت تو معلوم نہیں مگر ایک تخمینے کے مطابق یہ کم از کم 2 لاکھ 60 ہزار ڈالرز (7 کروڑ 23 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے مارک زکربرگ گھڑی پہننا پسند نہیں کرتے تھے۔