شمالی اور جنوبی وزیرستان میں جھڑپیں، 12 خوارج دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

Sep 20, 2024 | 03:46 PM

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپوں کے دوران 12 خوارج ہلاک جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7 دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی، دہشت گردوں کا گروپ پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا، سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں ان دہشت گردوں کا پتہ لگایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں گھیر لیا تھا اور تمام 7 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 6 بہادر سپوت بھی بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر قربان ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دوسرا واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آیا، خوارجی دہشت گردوں کے گروپ نے لدھا میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، سیکیورٹی فورسز نے مقابلہ کرتے ہوئے 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں ہتھیار، دھماکا خیز مواد اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ میں خوارجیوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے ملک میں دہشت گردی ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
 

مزیدخبریں