اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات نے 26ستمبرسے یکم اکتوبر تک ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونیوالی ایڈوائزری کے مطابق26ستمبر سے گرم اور مرطوب ہواؤں کا سلسلہ خلیج بنگال سے پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے زیراثر 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک بالائی/وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔26 ستمبر سے یکم اکتوبر کے دوران چترال ، دیر، سوات ، کوہستان ، بٹگرام ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، پشاور، نوشہرہ، مردان سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔27 ستمبر تا یکم اکتوبر راولپنڈی ، مری ، گلیات، تلہ گنگ ، جہلم، منڈی بہا الدین، گجرانوالہ سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔پیش گوئی کے مطابق 26 ستمبر سے 28 ستمبر کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔سندھ کے حوالے سے ایڈوائزری میں میرپور، تھرپارکر،عمر کوٹ اور گرد و نواح میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔