خوش قسمت بچہ پانچ گھنٹے بعد جہاز کے پہیے سے زندہ برآمد

Apr 21, 2014 | 09:42 PM

ہوائی (نیوز ڈیسک)گھر سے بھاگنے والا ایک 13سالہ بچہ جہاز کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر 2300میل کا سفر طے کرکے امریکی شہر سان جوزے سے ہوائی پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہوائی کے ماؤی ایئر پورٹ پر سان جوزے سے آنے والی پرواز کے پہیے کی دیوار کے ساتھ عملے نے ایک بچے کو بے سدھ پڑا ہوا پایا۔ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ یہ بچہ گھر سے بھاگ کر ایئر پورٹ پہنچا اور جنگلہ پھلانگ کر جہاز کے لینڈنگ گیئر میں چھپ گیا۔ بظاہر اسے یہ بھی معلوم نہ تھا کہ جہاز کدھر جا رہاہے اور یہ ساڑھے پانچ گھنٹے کی پرواز تھی۔ ماہرین کے مطابق جہاز کے اس حصے میں درجہ حرارت منفی 80ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جا تا ہے اور آکسیجن کی بھی بے حد کمی ہوتی ہے۔ تاہم معجزانہ طور پر یہ بچہ زندہ رہا اور اس کے جسم کے تمام اعضاء بھی ٹھیک کام کر رہے ہیں۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اس واقعہ پر جتنی بھی حیرت کا اظہار کیا جائے کم ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان میں بھی اس طریقے سے سفر کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ مسافر اتنا خوش قسمت ثابت نہ ہوا اور منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔

مزیدخبریں