قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری، انٹرنیٹ سروس بند

Apr 21, 2024 | 08:30 AM

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں قومی و صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔

قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔

صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12،خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2  نشستیں شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کی درخواست پروفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسزاور فوج تعینات کرنےکی منظوری دے دی ہے ۔پولیس سکیورٹی کے پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہل کار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔

 دوسری جانب ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ ،حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔ 

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ انتخابی عمل کو بلا تعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں