پیپلز پارٹی پر وہ جماعتیں بھی تنقید کررہی ہیں جن کے اپنے دور میں بارش سے سیکڑوں اموات ہوئیں،شرجیل انعام میمن

Aug 21, 2025 | 08:31 PM

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے پیپلز پارٹی پر وہ جماعتیں بھی تنقید کررہی ہیں جن کے اپنے دور میں بارش سے سیکڑوں اموات ہوئیں۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ جون سے موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف حصوں میں جانی نقصان ہوا، کراچی میں 19 اگست کو اوسطاً 120 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، منگھوپیر میں 246 ملی میٹر، کورنگی میں 190، گلزارِ ہجری میں 175 اور نارتھ ناظم آباد میں 149 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ لگاتار بارش کے باعث شہریوں کو اربن فلڈنگ اور ٹریفک کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اگر بارش وقفے وقفے سے ہوتی تو اتنے مسائل پیدا نہ ہوتے، کراچی میں ہونے والی زیادہ تر اموات کرنٹ لگنے کے باعث ہوئیں جبکہ کے الیکٹرک اور حیسکو نے نااہلی کا مظاہرہ کیا اور کئی علاقوں میں 48 گھنٹے تک بجلی بند رہی، اس کے باوجود بلدیاتی ادارے، میئر اور صوبائی انتظامیہ سڑکوں پر موجود رہے۔

انہوں ںے کہا کہ نالوں کی پہلے سے صفائی کی گئی تھی اور پانی کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری بھی لگائی گئی تھی، عوام کو تکلیف پہنچنے کا ہمیں احساس ہے اور اس پر سندھ حکومت معذرت خواہ ہے، مگر کچھ میڈیا ہاؤسز نے منظم منصوبہ بندی کے تحت حکومت کے خلاف مہم چلائی، پیپلز پارٹی کی حکومت پر وہ جماعتیں بھی تنقید کر رہی ہیں جن کے اپنے ادوار میں چھوٹی سی بارش پر بھی سیکڑوں اموات ہوئیں اور شہر کئی کئی دن تباہ حالی کا شکار رہا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے عام تعطیل دی اور شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ جلد ختم ہو جائے گا، تمام ٹاؤن چیئرمینز نے اچھا کام کیا اور ایسے مواقع پر سیاست کرنے کے بجائے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے،محکمہ موسمیات نے 19 اگست کو زیادہ بارش کی پیشگوئی نہیں کی تھی لیکن اچانک اسپیل آیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت، وزیراعلیٰ سے لے کر سینیٹری ورکرز تک، دن رات متحرک رہے اور سب نے اپنا کام کیا، ایسے مواقع پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا سیاسی دکان داری نہیں کرنی چاہیے۔

مزیدخبریں