لوئر کرم، شرپسندوں کیخلاف آپریشن جاری، ہنگو میں عارضی کیمپ کے قیام کا فیصلہ 

Jan 21, 2025

                                                                        کرم/ہنگو(آئی این پی)لوئر کرم کے علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف آٓپریشن دوسرے روز بھی جاری  رہا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف جاری کارروائیاں کے دوران کرفیو نافذ ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے دستے بھی موجود ہیں۔لوئر کرم کے متاثرہ علاقوں سے اب تک 20 خاندان گھر خالی کر چکے ہیں، کچھ متاثرہ خاندان رشتے داروں کے گھر اور کچھ ہنگو منتقل ہوئے ہیں۔کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ کرم میں کارروائیاں مقامی افراد کے خلاف نہیں بلکہ شرپسندوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ پشاور کرم شاہراہ بدستور 3 ماہ سے بند ہے، ادویات اور اشیائے خورونوش کی قلت ہے۔دوسری طرف کرم کے علاقے بگن میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے متاثرین کے لیے ہنگو میں عارضی کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہرزمان کے مطابق علاقہ محمد خواجہ میں بگن متاثرین کیلیے عارضی کیمپ قائم کیا جائیگا، سیکڑوں ایکڑ اراضی پر ہزاروں خاندانوں کے لیے خیمہ بستی قائم کی جائیگی جب کہ کیمپ کے قریب سکول، مساجد، بی ایچ یو اوردیگر سہولیات میسر ہیں۔ ڈی سی کا بتانا ہے کہ پی ڈی ایم اے خیموں سمیت دیگر سامان کے 22 ٹرک فراہم کرے گا، ضلعی انتظامیہ کو 4 ٹرک سامان مل گیا ہے اور آج سے کیمپ کے قیام پر کام شروع کردیا جائے گا۔ ڈی سی ہنگو نے مزید بتایا کہ قیام امن کے لیے نقل مکانی کرنے والے کرم متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔۔ذرائع کے مطابق آپریشن سیکیورٹی فورسز اور پیراملٹری فرنٹیئرز کورپس (ایف سی) کی قیادت میں ہورہا ہے جبکہ پولیس ان کو مدد فراہم کررہی ہے۔حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی علاقے میں پیش قدمی کے پیش نظر شرپسند فرار ہو چکے تھے جبکہ رہائشی علاقوں سے انخلا کا عمل پہلے ہی جاری ہے۔

ہنگو آپریشن

مزیدخبریں