انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے افغانستان سے میچ کے بائیکاٹ کامطالبہ مسترد کردیا

Jan 21, 2025 | 09:33 PM

لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان کرکٹ کے بائیکاٹ کو "صحیح راستہ" نہیں سمجھتے جبکہ اگلے ماہ چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان میچ لاہور میں 26 فروری کو شیڈول ہے۔

سماء نیوزکے مطابق جوز بٹلر نے کہاکہ ایسے سیاسی حالات میں، ایک کھلاڑی کے طور پر آپ خود کو جتنا ممکن ہو آگاہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماہرین اس بارے میں زیادہ جانتے ہیں، اس لیے میں نے روب کی (ای سی بی مینز مینیجنگ ڈائریکٹر) اور دیگر ذمہ دار افراد سے بات چیت جاری رکھی ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ بائیکاٹ اس مسئلے کو حل کرنے کا صحیح طریقہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی اس مسئلے کے بارے میں زیادہ فکر مند نہیں ہیں اور وہ ماہرین کی رہنمائی پر عمل پیرا ہیں۔بٹلر نے کہاایک کھلاڑی کے طور پر، آپ چاہتے ہیں کہ سیاسی مسائل کھیل کو متاثر نہ کریں۔ ہم چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے خواہشمند ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ میچ شیڈول کے مطابق ہوگا اور ہمارا ٹورنامنٹ شاندار گزرے گا۔

کولکتہ میں بھارت کے خلاف پہلے ٹی20 میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم ماہرین کی رائے کو مدنظر رکھتے ہیں اور پرامید ہیں کہ میچ طے شدہ وقت پر ہوگا۔یاد رہے کہ  برطانوی لیبر ایم پی ٹونیا انٹونیازی نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ کو خط لکھتے ہوئے افغانستان کیخلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اسے ای سی بی کی جانب سے مسترد کر دیا گیا تھا ۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ "آئی سی سی کی قیادت میں ایک مربوط جواب" کا متقاضی ہے، نہ کہ کسی ایک ملک کے یکطرفہ اقدام کا۔ ان کے موقف کو برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر اور اسپورٹس و کلچر سیکریٹری لیزا نینڈی کی حمایت حاصل ہوئی، جنہوں نے ایسے اقدامات کو "غیر مؤثر" قرار دیا۔

مزیدخبریں