اسلام آباد (آئی این پی)پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی اداروں سے مذاکرات کا مطالبہ کر رہے ہیں، یہ مذاکرات کی نہیں ڈیل کی درخواست ہے۔اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ اب تو عالمی اخبارات بھی لکھ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اداروں سے ڈیل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پرامن ہے تو اسلام آباد انتظامیہ سے اجازت کیوں نہیں لی گئی؟ شیری رحمن کا کہنا ہے کہ الٹا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نمٹنے کی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، یہ کسی بھی حوالے سے پرامن سیاسی احتجاج اور اجتماع کا ارادہ نہیں رکھتے۔پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ کے پی میں تحریک انصاف کی حکومت ایک بار پھر اسلام آباد پر یلغار کی تیاری میں مصروف ہے، خیبر پختون خوا میں امن و امان کی صورتِ حال انتہائی تشویشناک ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں امن و ترقی کے بجائے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کوششیں انتشار پھیلانے پر مبنی ہیں۔
شیری رحمن