خطے میں انٹرنیٹ بندش کے حوالے سے ممالک میں پاکستان کا نمبر بہت پیچھے ہے،چیئرمین پی ٹی اے

Nov 21, 2024 | 02:22 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن نے کہاکہ ملک میں وی پی این بلاک کرنے کا تاثر درست نہیں ہے،خطے میں انٹرنیٹ بندش کے حوالے سے ممالک میں پاکستان کا نمبر بہت پیچھے ہے۔
اسلام آباد میں سمینار سے خطاب کرتے ہوئےچیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن نے  بچوں کے مستقبل کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔“حفیظ الرحمن نے آئین کے آرٹیکل انیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جہاں اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے، وہیں کلچرل باونڈریز بھی موجود ہیں۔ انہوں نے غیراخلاقی اور ریاست مخالف مواد کے حوالے سے شکایات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیاں ایسے مواد کو فوری ہٹانے میں تعاون کریں۔

چیئرمین پی ٹی اے نے مزید کہا کہ ”بہت سے ممالک وی پی این کو ریگولیٹ کر رہے ہیں“ اور انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں دسمبر 2010 میں پہلا وی پی این رجسٹر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ”وی پی این کی رجسٹریشن کیلئے ہم پندرہ سال دے چکے ہیں“ اور یہ کہ ”بزنس مقاصد کیلئے وی پی این کی ضرورت ہوتی ہے۔“

حفیظ الرحمن نے سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے بچوں کو آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ انٹرنیٹ کی دنیا میں محفوظ رہ سکیں۔

مزیدخبریں