ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھ چل رہی کشیدگی کے پیش نظر مشہور گلوکار انوپ جلوٹا نے بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بشنوئی برادری سے معافی مانگ لیں۔
بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان ایک بار پھر کالے ہرن شکار کیس کے باعث تنازع کی زد میں ہیں جبکہ انہیں حالیہ دنوں میں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں اور ان کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔یہ واقعات لارنس بشنوئی اور ان کے گینگ کے ساتھ تنازع سے جڑے ہوئے ہیں۔ بشنوئی گروہ نے سلمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بشنوئی برادری کے مندر جا کر کالے ہرن کے قتل پر معافی مانگیں۔
ایک انٹرویو میں بھارتی گلوکار انوپ جلوٹا نے کہا کہ "یہ وقت نہیں کہ اس بات پر بحث کی جائے کہ کس نے قتل کیا اور کس نے نہیں؟ سلمان خان کے قریبی دوست بابا صدیق کو اسی تنازع کی وجہ سے مبینہ طور پر قتل کیا گیا تھا اس لیے اب تنازع کو حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری سلمان خان سے چھوٹی سی درخواست ہے کہ وہ مندر جائیں اور معافی مانگیں تاکہ وہ اور ان کا خاندان محفوظ رہ سکے۔ مجھے یقین ہے کہ بشنوئی برادری ان کی معافی کو قبول کر لے گی۔