کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی میرپورخاص کو معطل کر دیا۔
چیف سیکرٹری نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپورخاص کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق دونوں پولیس افسران پر الزامات کی فہرست بعد میں جاری کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی جاوید جسکانی اور ایس ایس پی اسد چودھری سی پی او رپورٹ کریں گے۔
علاوہ ازیں ایس ایچ او سندھڑی نیاز کھوسو، اہلکار سی آئی اے ہدایت اللہ، ہیڈ کانسٹیبل لکھمیر، کانسٹیبل الہ جڑیو، کانسٹیبل محمد صدیق، سی آئی اے سینٹر کے کانسٹیبل نادر پرویز، کانسٹیبل غلام قادر اور فرمان علی کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق مجاز اتھارٹی سے اجازت لئے بغیر متعلقہ اہلکار ہیڈ کوارٹر نہیں چھوڑ سکتے۔
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے کہا ہے کہ ایس ایس پی سی آئی اے اور متعلقہ ایس ایچ او کو پہلے ہی معطل کر دیا تھا، حکومتِ سندھ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت احکامات جاری کرنے میں پس و پیش سے کام نہیں لیتی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کے خلاف کارروائی کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا گیا ہے۔