وزیراعلیٰ نے مالی سال کے اختتام تک  تمام سڑکوں کی بحالی اور مرمت کا حکم دے دیا!

Jan 22, 2025

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر کے اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کو مالیاتی سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ دوسری جانب ایم کیو ایم پنجاب کی تنظیم نے شکوہ کیا ہے کہ پنجاب کے سالانہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے اور مالیاتی سال کے7ماہ گزرنے کے باوجود ان منصوبوں پر کوئی کام شروع نہیں کیا گیا حالانکہ حکومت پنجاب نے سالانہ بجٹ 2024-25ء کے موقع پر خطے کے لیے 35فیصد ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔ملتان میں ایم کیو ایم کی اجلاس میں سیکرٹری جنرل پنجاب شیخ کرامت نے ترقیاتی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے 150ارب سے زائد رقم کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا لیکن اس کے بر عکس خطے میں کسی بڑے ترقیاتی منصوبے پر کام نہیں کیا گیا اور 7ماہ گزرنے کے باوجود یہ خطہ نظر انداز کیا گیا ہے خطے بھر میں سڑکیں نوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ بلدیاتی ادارے نہ ہونے کے باعث گلی محلوں میں سیوریج سسٹم،سولنگ کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے ایم کیو ایم پنجاب کی تنظیم نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ خطے کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے سالانہ بجٹ کی ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں بصورت دیگر وہ احتجاج پر مجبور ہونگے۔

دوسری جانب وزیراعظم پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ترقی اور صحت کے منصوبوں بارے اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی سیکرٹری مواصلات سہیل اشرف کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے بعد ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی سالانہ سیکیموں کو مالیاتی سال کے اختتام سے قبل مکمل کیا جائے۔

اسلام آباد میں بنگلہ دیش سفارت خانے کے ہائی کمشنر نے ملتان کا دورہ کیا مختلف طبقہ ہائے فکر کی نمائندہ شخصیات سے ملاقات کی جبکہ ایوان صنعت و تجارت میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقبال حسین خان نے کہا کہ پاکستان سے متعلق سرد مہری چھوڑ کر اب اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں پاکستانی بزنس مینوں کے لیے بنگلہ دیش میں وسیع مواقع موجود ہیں انہوں نے بتایا پاکستان سے بھاری مقدار میں چاول کی خریداری کا معاہدہ ہو گیا ہے آگے چل کر مزید معاہدے بھی کئے جائیں گے بنگلہ دیش لائیو سٹاک کے شعبہ میں خاص دلچسپی رکھتا ہے جنوبی پنجاب کے خطے میں لائیو سٹاک کے شعبہ میں بہت یوٹینشل ہے اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے بتایا کہاس وقت پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان لگ بھگ 7ملین ڈالر کی تجارت ہو رہی ہے مزید بڑھائیں گے۔

پاکستان سنی تحریک نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے ملتان میں منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے تحریک کے رہنماؤں ڈاکٹرعمران' مصطفی کھوکھر نے کہا کہ آئی پی پیز سے کئے معاہدے محض کرپشن کی بنیاد تھے بجلی کی پیدوار کے لیے مکمل وسائل استعمال کئے جائیں معیشت چلانے کے لیے محض قرض کی پالیسی اور کام کرنے' منصوبے بنانے کی بجائے محض بیرون وسائل پر انحصار کی پالیسی نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے آج حکمران طبقے کو عوام کے مسائل کا ادراک ہی نہیں ہے ابھی موسم سرد ہے تو بجلی کے بل ادا کرنا عوام کے لئے محال ہے آنے والی گرمیوں میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی ناممکن ہو جائے گی گھریلو صارفین کے ساتھ صنعتیں بھی بند ہو جائیں گی۔ ادھر آل پاکستان پاور لومز انڈسٹری نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ایسوسی ایشن کے فورم پر فیصلہ کیا گیا کہ اس سلسلہ میں 25جنوری سے رابطہ عوام مہم شروع کی جائے گی بجلی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث پاور لومز انڈسٹری شدید متاثر ہو رہی ہے یہ انڈسٹری ماضی میں ملکی زرمبادلہ میں بڑا حصہ ڈالتی رہی ہے لیکن بجلی کے نرخ بڑھنے سے انڈسٹری کی بند ہو رہی ہے جس سے لاکھوں افرادبے روزگاری کا شکار ہیں۔پاور لومز انڈسٹری سے وابستہ لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں اور غربت انہیں خود کشیاں کرنے پر مجبور کررہی ہے۔

سرائیکی قوم پرست رہنما بیرسٹر تاج محمد لنگاہ مرحوم جو پاکستان سرائیکی پارٹی کے بانی اور چیئرمین تھے، کی وفات کے بعد ان کی صاحبزادی نخبہ تاج لنگاہ کو پارٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا تھا تاہم اب پارٹی کے عہدیداروں میں اختلافات سامنے آنے پر سابقہ عہدیداروں نے اپنی تنظیم کا اعلان کر دیا ہے پاکستان سرائیکی پارٹی کے سابق جنرل سیکرٹری اکبر انصاری ایڈووکیٹ نے چیئرمین احمدنواز سومرو اور ملک جاویدچنڑ سمیت دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بیرسٹر تاج محمد لنگامرحوم کی صاحبزادی پارٹی میں غیر فعال رہی ہیں اس لیے پارٹی میں غیر نظریاتی لوگ قابض ہو گئے ہیں جبکہ پارٹی کے نظریاتی ورکرز کو نظر انداز کر دیا گیا جس کی وجہ سے وہ پارٹی کے نظریاتی ورکزپر مشتمل الگ تنظیم کا اعلان کر رہے ہیں اس طرح پاکستان سرائیکی پارٹی بھی دو حصوں میں بٹ گئی ہے۔

٭٭٭

سرائیکی پارٹی میں انقلاب،تاج لنگاہ کی صاحبزادی فارغ، جنرل سیکرٹری نے تنظیم نو کا اعلان کر دیا

ایم کیو ایم پنجاب نے الزام لگایا کہ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی کام روک دیئے گئے ہیں 

مزیدخبریں