4سال پنجاب کے وسائل کو گوگی،پنکی اور کپتان رجیم نے بے دردی سے لوٹا: عظمٰی بخاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز باقی صوبوں کے وزراءاعلیٰ کےلیے رول ماڈل ہیں اور اب پنجاب میں ترقی،خوشحالی اور امن کا دور واپس آرہا ہے۔ پنجاب میں کسان کارڈ،الیکٹرک بائیکس، اسکالرشپ، دھی رانی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ مریم نواز نے عوامی منصوبوں کا جال وسطی پنجاب سے جنوبی پنجاب سے بچھادیا ہے۔ پنجاب میں نئی سڑکوں کی تعمیر ہورہی نئی الیکٹرک بسیں بھی آگئی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر،کینسر کی مفت ادویات کی فراہمی مریم نواز کے تاریخی منصوبے ہیں۔مریم نواز کا خوشحال پنجاب اور ستھرا پنجاب منصوبے بھی کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ چار سال پنجاب کے وسائل کو گوگی،پنکی اور کپتان رجیم نے بے دردی سے لوٹا ہے۔مریم نواز پنجاب کے لوگوں سے چار سال کی گئی ناانصافیوں کا ازالہ کررہی ہیں۔ پنجاب میں آج ہر طبقے کےلئے مریم نواز روز نئے منصوبے لارہی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مخالفین کا اپنی کارکردگی پر کم مریم نواز پر کیچڑ اچھالنے پر زیادہ فوکس ہے۔ مریم نواز کی نوجوانوں میں مقبولیت کی وجہ انکی کارکردگی ہے۔