اسلام آباد (آئی این پی)وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر پاکستان میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے کئی افراد کو گرفتار کیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش اور مضافاتی علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا۔یہ کارروائی وزارت داخلہ کی تشکیل کردہ خصوصی ٹیم نے کی۔ اس ٹیم میں سی ٹی ڈی کے علاوہ دیگر اداروں کے نمائندے شامل تھے۔مذکورہ ٹیم نے غیر قانونی طور پر مقیم 41 افغان شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد ان کے ملک ڈی پورٹ کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ کیے گئے افغان شہریوں کے پاس کسی قسم کے دستاویزات نہیں تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ 1 سال سے زائد عرصے سے مختلف اوقات میں ہونے والے اس آپریشن کے نتیجے میں سینکڑوں غیر قانونی مقیم افراد کو حراست میں لے کر ان کے ملکوں میں ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔