نوازشریف رائیونڈ میں بیٹھ کر فوج کی مانیٹرنگ بند کریں: بیرسٹر سیف
پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف رائیونڈ میں بیٹھ کر فوج کی مانیٹرنگ بند کریں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آرمی چیف کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے وزراءکی فوج کو صف آراءکر دیا ہے، شہباز شریف فرینڈلی فائر کی زد میں آ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج اور خیبرپختونخوا اس وقت دہشت گردی کے خلاف جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کر رہے ہیں، حکومتی وزراءفوج کی قیادت کو متنازع بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ اگر شہباز شریف کو معلوم ہے کہ ملاقات میں کیا بات ہوئی تو پھر وزراء بیان اور وضاحتیں کیوں دے رہے ہیں؟ حکومت کی توجہ مہنگائی اور دہشت گردی کے خاتمے پر نہیں آرمی چیف کی ملاقاتوں پر ہے۔