اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک کے ریویو میں شرح سود مزید کم ہونے کی توقع ہے، معاشی چیلنجز کم ہورہے ہیں، معیشت میں بہتری آرہی ہے، ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ اور قرضہ کم ہو رہا ہے۔آزاد کشمیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، جب تک کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں ملتا پاکستان وفا نبھائے گا، سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش سکول کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، دانش سکول کی بنیاد پنجاب میں نواز شریف نے رکھی، نواز شریف کی قیادت میں ہزاروں بچے اور بچیاں دانش سکول کے ذریعے انجینئر بن گئے ہیں۔آزاد کشمیر کے دانش سکولوں کے 100 فیصد اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی، پنجاب میں دانش سکولوں کے بیشتر طلباء اے گریڈ لاتے ہیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں وہ بھی آج خوش ہوں گے، دانش سکول میں یتیم اور غریب بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔