اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس ) اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ سے سیلز پروموشن اور اشتہارات کی مد میں کمپنیز کے 25 فیصد تک اخراجات پر انکم ٹیکس ریٹرن میں ایڈجسٹمنٹ کی پابندی کی تجویز واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سیکریٹری جنرل سرمد علی اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے چیئرمین شکیل مسعود نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ کو خط لکھے ہیں۔
ان خطوط میں اے پی این ایس اور پی بی اے نے مجوزہ ترمیم کے میڈیا پر منفی معاشی اثرات کا ذکر کیا۔
خط میں کہا گیا کہ ترمیم کی منظوری سے اشتہارات دینے والی ملٹی نیشنل اور دیگر کمپنیز کے ٹیکس واجبات میں اضافہ ہوگا۔ کاروباری اخراجات بڑھیں گے جبکہ اشتہارات کی مد میں کیے جانے والے اخراجات میں کمی آئے گی۔
خط میں کہا گیا کہ اس سے مشکل معاشی حالات کا سامنا کرتی میڈیا انڈسٹری کا بزنس مزید متاثر ہوگا، چھوٹے اخبارات اور میڈیا چینلز بند ہوجائیں گے اور بے روزگاری بڑھے گی۔