بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی شرکت

Nov 22, 2024 | 05:33 PM

لاہور(ہما افضل) چوتھے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں نے شرکت کی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر تھے۔

افتتاحی تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال اور ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل پنجاب نے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی کی اور پنجاب حکومت کی جانب سے 20 ملین روپے کا چیک بلائنڈ کونسل کے چیئرمین سلطان شاہ کو پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مہمان ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کھیل محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں اور زندہ دلانِ لاہور بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلے کبڈی میچ اور اب بلائنڈ ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کی، جو افسوسناک ہے۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کھیل پنجاب نے کرکٹ کھیل کر ورلڈ کپ کا باضابطہ افتتاح کیا اور تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

مزیدخبریں