انتظار پنجوتھا بازیابی کیس ؛اسلام آباد ہائیکورٹ کی علی بخاری کو اسلام آباد پولیس ٹیم سے بیرسٹر سیف کا رابطہ کرانے کی ہدایت

Oct 22, 2024 | 01:27 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل انتظار پنجوتھا بازیابی کیس میں علی بخاری کو اسلام آباد پولیس ٹیم سے بیرسٹر سیف کا رابطہ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو کل طلب کرلیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں اس پر تفصیلی آرڈر جاری کروں گا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھا کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے بازیابی درخواست پر سماعت  کی،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ فتح جھنگ ٹول پلازا سے ٹریک کرنے کی کوشش کررہے ہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کی کیا رپورٹ ہے،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ ہمیں وقت دیا جائے پولیس بھی وقت مانگ رہی ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ اٹارنی جنرل کو بلا کر پوچھ لیتا ہوں اور وزارت دفاع کی رپورٹ بھی منگوا لیتے ہیں،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ رپورٹس جمع کرا دی ہیں رپورٹ نیگیٹیو ہے،

چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب کو آنے دیں،سپریم کورٹ کے اوقات کے بعد آ جائیں ہم کل ڈویژن بنچ کے بعد سن لیں گے،میں اس پر تفصیلی آرڈر جاری کروں گا،عدالت نے علی بخاری کو اسلام آباد پولیس ٹیم سے بیرسٹر سیف کا رابطہ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو بھی کل طلب کرلیا،عدالت نے کیس کی سماعت کل دن ڈھائی بجےتک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں