ہری پور(مانیٹرنگ ڈیسک) خان پور ڈیم پر ایک سیاح نے مبینہ طور پر کشتی کے ڈرائیور کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ سیاح اور کشتی کے ڈرائیور کے مابین کرائے کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جس پر سیاح نے پستول نکال کر ملاح کو گولی مار دی۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی بنائی گئی اور سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی، جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ عینی شاہدین منور شاہ، سعید خان اور ریاست علی نے بتایا کہ ایک فیملی ڈیم پر پیرا سیلنگ کے لیے آئی ہوئی تھی۔ فیملی کی ایک خاتون نے پیراسیلنگ کے 8چکر لگائے۔
خاتون کو تین اضافی چکر لگانے پڑے کیونکہ وہ واضح ہدایات کے باوجود نیچے اترنے میں ناکام رہی تھی۔ اس واقعے پر فیملی نے عملے کے لوگوں کو گالیاں دیں اور کشتی پر موجود گارڈ کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ اس کے بعد فیملی کے دو لوگوں نے 223بور کی بندوقیں نکال لیں، جو ان کی گاڑیوں میں رکھی تھیں، اور فائرنگ شروع کر دی۔ ایک گولی کشتی چلانے والے ایک ڈرائیور کو لگی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔