فوری طور پر بند سڑکوں کو کھول دیا جائے،علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ابھی تک فرار ہیں: محسن نقوی
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فوری طور پر بند سڑکوں کو کھول دیا جائے، کل سے سکول کھل جائیں گے، موبائل فون سروس بحال ہوجائے گی۔
ڈی چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ابھی تک تو فرار ہیں۔ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جس طرح رینجرز نے کام کیا، وہ بہت شاندار تھا، اسلام آباد کے شہریوں کو دو تین دن پریشانی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی چیزیں اور کتنی بار کرنی ہیں، ہم نے 2 دفعہ ان کو کہا کہ سنگجانی میں جلسہ کریں، ہماری بات ہوگئی تھی، انہوں نے سنگجانی جانے پر رضا مندی ظاہر کی تھی، انہوں نے دھمکیاں دے کر اور اربوں کا نقصان کرکے دیکھ لیا، میڈیا ہاؤسز پر حملے کیے. سی سی ٹی وی ڈھونڈلیں گے جہاں جہاں نقصان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کل نیا دن، نئی سوچ کے ساتھ طلوع ہوگا۔افغانوں سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرلیا گیا ہے، دو تین روز میں سامنے لائیں گے۔