لاہور پولیس کا ایک اور شرمناک کارنامہ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل 

Jan 23, 2025 | 01:00 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پولیس کی غنڈہ گردی اور شہریوں کی تذلیل   کی مثالیں پاکستان میں بھری پڑی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تازہ ویڈیو نے شہریوں کے دل دہلا کر رکھ دیئے ہیں جس میں ایک اے ایس آئی اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ ملزم کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا رہاہے ۔

  سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بارے میں کہا جارہاہے کہ یہ ویڈیو بند روڈ پر واقع شیرا کوٹ تھانے کی ہے جہاں اے ایس آئی ذوالفقار علی  المعروف" جانگلی " نے مبینہ ملزم کو دیوار کے ساتھ ہاتھوں پر رسی باندھ کر لٹکایا  رکھا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار نے اسے پکڑ رکھاہے ۔

ایک پولیس اہلکار چارپائی پر بیٹھاہے اور انتہائی غلیظ گالیاں دیتا ہوا سنائی دیتاہے ۔ اس دوران وہ نوجوان شخص درد سے چلا رہاہے لیکن کوئی بھی اس کی مدد کرنے کو تیار نہیں ہے  بلکہ اُلٹا اسے اذیت دینے کے درپے ہیں۔ 

مذکورہ ویڈیو کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں کہ نوجوان کو  کس جرم میں گرفتار کیا گیاہے اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر سامنے آ سکی ہےتاہم جب متعلقہ تھانے شیراکوٹ سے ڈیلی پاکستان نے رابطہ کرنے کی کوشش کی  تو اہلکار ’انصاف‘ کی فراہمی میں اتنے زیادہ مصروف محسوس ہوتے ہیں کہ کسی نے بارہا  ہونے والی کالز کاجواب ہی نہیں دیا۔

نوٹ: 18 سال سے کم عمر اور کمزور دل افراد یہ ویڈیو نہ دیکھیں جو سوشل میڈیا پر سامنے آئی۔

سوشل میڈیا صارفین کاکہنا ہے کہ پنجاب پولیس  پروفیشنل ازم کی بجائے اسی طرح کے ہتھکنڈے اپناتی ہے  ، اگر کسی شخص نے جرم کیا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے لیکن پولیس میں موجود ایسے عناصر تشدد کے کلچر کو پروان چڑھاتے ہیں اور نئے آنے والے لوگ بھی انہی کے نقش قدم پر چلتے رہتے ہیں اور یہ سلسلہ جوں کا توں چلا آرہا  ہے۔ 

یاد رہے کہ دو روز قبل  شیراکوٹ کے علاقے  میں ہی ایک انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو قتل کردیا گیاتھا اور  ملزم عدیل نے اپنے اعترافی ویڈیو بیان میں پولیس اہلکاروں کو  بتایا کہ انسپکٹر اس کے ساتھ گالم گلوچ کرتا تھا جس سے تنگ آ کر اس نے انتہائی قدم اٹھایا ۔ 

اب سامنے آنیوالی ویڈیو میں بھی پولیس اہلکاروں کی گالم گلوچ اور بدزبانی واضح سنی جاسکتی ہے، شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی تربیت کے ساتھ ساتھ  ان کو اخلاق کا بھی درس دینا چاہیے تاکہ شہری پولیس کے ہاتھوں تذلیل سے بچ سکیں ۔

مزیدخبریں