پاکستان میں حجاج کرام و منظمین کی تربیت کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے گی ، علامہ طاہر اشرفی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آ ن لائن)چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ جدہ میں ہونے والی عالمی حج کانفرنس و نمائش سے حجاج کرام و زائرین کیلئے سہولتوں کے مزید راستے ہموار ہوئے ہیں، پاکستان اور سعودی وزارت حج و عمرہ کے ساتھ مل کر حجاج کرام اور منظمین کی تربیت کا عمل شروع کریں گے ۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھکاری اور غیر قانونی حج کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیاجانا چاہیے، وزیر اعظم پاکستان کی حج کے امور کی نگرانی مثبت تبدیلیاں لائے گی ، سعودی عرب کے دورے سے واپسی پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت حج و عمرہ زائرین کیلئے روز و شب سہولتیں پیدا کر رہی ہے ۔ سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی اور سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں جو کوششیں کر رہے ہیں امت مسلمہ کو اس میں تعاون کرنا ہو گا۔ پاکستان علماء کونسل پاکستان کے حجاج و منظمین کی تربیت کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل اور ہوپ پاکستان کے تعاون سے بنا رہی ہے جس میں پاکستان کی وزارت مذہبی امور ، سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ اور سعودی عرب کے پاکستان میں سفارتخانہ سے رہنمائی لی جائے گی۔ اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس کے ذریعے ایک منظم پروگرام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔