سفاک بھارتی فوجی نے بیوی کو قتل کرکے پریشر ککر میں ابال دیا

Jan 23, 2025 | 04:25 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت کے شہر حیدرآباد میں سفاک سابق فوجی نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کے جسم کے ٹکرے کئے اور انہیں پریشر ککر میں ابال کر اپنے جرم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن میں بطور سکیورٹی گارڈ کے فرائض انجام دینے والے 45 سالہ سابق فوجی گرو مرتی نے مبینہ طور پر پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔35 سالہ وینکاٹا مادھوی کے خاندان نے 16 جنوری کو اس کے لاپتا ہونے کی رپورٹ کرائی، جب پولیس نے تفتیش شروع کی تو اس کے شوہر پر شک ہوا، اس کے بعد جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے سنگین جرم کا اعتراف کر لیا۔
پولیس انسپکٹر ناگا راجو نے کہا کہ خاتون کے والدین نے گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی، مقتولہ کا شوہر بھی ان کے ساتھ آیا تھا، ہمیں شک ہوا اور اس سے پوچھ گچھ کی، اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔"
رپورٹ کے مطابق اس شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کی لاش کے باتھ روم میں ٹکرے کئے اور انہیں پریشر ککر میں ابالا، اس نے ہڈیاں الگ کیں، ہڈیوں کو کوٹنے کے بعد دوبارہ ابالا، وہ 3 دن تک گوشت اور ہڈیاں پکاتا رہا، اس کے بعد مبینہ طور پر اس نے انہیں پیک کر کے جھیل میں پھینک دیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کے دعووں کی تصدیق کی جا رہی ہے، جوڑے کے دو بچے ہیں جن میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ مبینہ قتل کیوں اور کیسے ہوا۔

مزیدخبریں