اسلام آباد (پ ر) پاکستان ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان اسلام آباد میں خصوصی محفل مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ اس خصوصی محفلِ شعر میں پاکستان کے نامور شعراء کرام نے اپنا کلام پیش کر کے وطن کے حضور اپنی محبت کے پھول نچھاور کئے ان میں افتخار عارف، ڈاکٹراحسان اکبر، جلیل عالی، یاسمین حمید، قیوم طاہر، پروین طاہر، رخشندہ نوید، انجم سلیمی، احمد فرید، عرفان جمیل شامل تھے جبکہ میزبانی کے فرائض محبوب ظفر نے ادا کیے۔ اس خصوصی محفل شعر کے صاحب صدر افتخار عارف جبکہ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ریڈیوپاکستان سہیل علی خان تھے۔مشاعرے کے اختتام پر صاحب صدر افتخار عارف نے اس محفل ِشعر کو ریڈیو پاکستان کی جانب سے ادبی سرگرمیوں کے فروغ کی حسین روایت کی پاسداری قرار دیتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔تقریب کے اختتام پر پر محفلِ شعر کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ریڈیوپاکستان سہیل علی خان نے ادبی سرگرمیوں کو ریڈیو پاکستان کا خاصہ قرار دیتے ہوئے ان سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل سہیل علی خان نے ایف ایم 98 دوستی چینل کا دورہ بھی کیا، دورے کے دوران انہوں نے دوستی چینل کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ دوستی چینل پاکستان اور چین کے مابین دوستی کو مزید مضبوط کرنے میں پل کا کردار ادا کر رہا ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔سہیل علی خان کا کہنا تھا کہ دوستی چینل کے نیٹ ورک ملک کے دیگر شہروں تک بھی پھیلانے کی ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان چائنا میڈیا گروپ کے ساتھ دوستی کا یہ سفر نہ صرف جاری رکھے گا بلکہ اس کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل سہیل علی خان نے پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔