لاہور(آئی این پی)ریلویز پولیس نے ریلوے میٹریل چوری کرنے کی بڑی واردات ناکام بنا دی۔ریلویز پولیس کے مطابق لاہور میں ریلویز پولیس مغلپورہ نے ریلوے مٹیریل چوری کی بڑی واردات ناکام بنادی۔
ملزمان ریلوے الیکٹرک ڈپو ورکشاپس سے جنریٹر کے پرزے اور قیمتی کاپر وائر چوری کرکے لیجاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ اے ایس آئی رفیق ڈوگر نے ساتھی ملازمان کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا۔ریلویز پولیس کے مطابق ملزمان عبد الوہاب، شاہد اختر اور سجاد حسین مغلپورہ کے رہائشی ہیں۔ ملزمان ریلوے الیکٹرک ڈپو کی دیوار پھلانگتے ہوئے گرفتار کئے۔ ملزمان تقریبا 60 کلو ریلوے مٹیریل پلاسٹک بیگز میں لے جارہے تھے جس میں لاکھوں روپے مالیت کی 8 کلو وزنی کاپر وائر اور 50 کلو وزنی دیگر قیمتی الیکٹرک پرزہ جات شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس مغلپورہ ورکشاپس میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔