بھارتی اداکارہ کیساتھ انوکھا واقعہ، ڈیلیوری بوائے بھارت انگلینڈ میچ کے ٹکٹ لیکر بھاگ گیا

Jan 24, 2025 | 03:42 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈیلیوری بوائے بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی ٹکٹ اداکارہ سواستیکا مکھرجی کو پہنچانے کے بجائے چوری کرکے بھاگ کھڑا ہوا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں بتایا کہ 22 جنوری کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہونے والے میچ کے 2 ٹکٹس ایک ڈیلیوری بوائے نے ان کے گھر سے چوری کر لئے۔
میچ سے چند گھنٹے قبل اداکارہ نے ٹکٹ چوری کے حوالے سے پوسٹ شیئر کی اور مداحوں کو اطلاع دی، ساتھ ہی سواستیکا نے رائیڈر کے خلاف شکایت درج کرائی۔
اداکارہ نے شیئر کردہ پوسٹ میں لکھا کہ ٹکٹس کا آرڈر شام 6:30 پر دیا گیا تھا لیکن ڈیلیوری رائیڈر نے 5:30 بجے آرڈر پہنچا دینے کا نشان لگادیا اور میرا نمبر بلاک کردیا جس پر ہم نے کمپنی کو شکایت بھی کی تاہم کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ٹکٹ میرے بوائے فرینڈ کے والد کے لئے تھے جو کرکٹ کے بہت شوقین ہیں، انہیں لائیو میچ دیکھنا تھا لیکن وہ نہیں دیکھ سکے۔
سواستیکا نے لکھا میچ شروع ہونے سے قبل تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے تھے، جس نے ان کی میچ دیکھنے کی امیدوں کو توڑ دیا۔
سواستیکا مکھرجی نے اپنی تصویر اور فون نمبر سمیت ڈیلیوری ایگزیکٹو کی تفصیلات کے ساتھ آرڈر کا سکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

مزیدخبریں