راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اتحادیوں کی وجہ سے چل رہی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اتحادیوں کو کئی معاملات میں اعتماد میں نہیں لیا جاتا۔ خواہش ہے وزیراعظم مدت پوری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اتحادیوں کی وجہ سے چل رہی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اتحادیوں کو کئی معاملات میں اعتماد میں نہیں لیا جاتا۔ مشاورت کا فقدان ہے جو دور ہونا چاہیے۔ وفاقی حکومت نہ صرف اتحادیوں بلکہ حزب اختلاف کے ساتھ بھی مشاورت کرے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی انتقام کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم سمیت جو بھی جرم کرے اسے قانون کے تحت سزا ہونی چاہیے۔ خواہش ہے وزیراعظم مدت پوری کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی تعیناتی میں پسند نا پسند کی کوئی بات نہیں۔ قانون کے مطابق جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی ہونی چاہیے۔