ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ملتان میں ہفتے سے دوسرا اور آخری ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے۔ملتان ہی میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے دن 127 رنز سے شکست دی تھی۔
اب اطلاعات ہیں کہ تجربے کار اوپنر امام الحق کو دوسرے ٹیسٹ کی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں محمد ہریرہ نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے کپتان شان مسعود کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا۔البتہ امام الحق کی ٹیم میں شمولیت کی صورت میں وہ ہریرہ کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ کپتان شان مسعود نمبر 3 پر بیٹنگ کریں گے۔ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی ملتان کی سلو اور ٹرننگ پچ پر اضافی بیٹر کے ساتھ کھیلنے کا ارادہ رکھتی ہے اور ایسی صورت میں ٹیم میں شامل واحد فاسٹ بولر خرم شہزاد کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔