2 سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروائیں گے، امیر جماعت اسلامی کا اعلان

Nov 24, 2024 | 10:07 PM

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جو ترقی کرے، 2سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔

کراچی میں" بنو قابل ٹیسٹ" کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ مہنگائی بےروزگاری اور تعلیم کی کمی ہے، دو کروڑ 62 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، میٹرک کے بعد طلبہ تعلیم چھوڑ دیتے ہیں، غریب لوگوں کیلئے یونیورسٹیوں میں جانا مشکل ہوگیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پارلیمان میں 90 سے 95 فیصد ارب پتی ہیں۔ گذشتہ برس 368 ارب ٹیکس تنخواہ دار طبقے نے جمع کروایا۔ سیکڑوں ایکڑ زمین رکھنے والوں نے صرف 4 ارب کا ٹیکس دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جو بجلی بنتی ہی نہیں اس کے پیسے قوم ادا کرتی ہے۔ سندھ میں 49 ہزار سکول ہیں۔ 481 ارب سندھ کا تعلیمی بجٹ ہے،  پیپلز پارٹی کی قیادت اپنے بچوں کو وہاں سے تعلیم نہیں دلوا سکتی۔ وسائل سے مالا مال ملک پر چند لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ تعلیم جہاں قابل فروخت شے بن جائے وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی، تعلیم مفت اور معیاری ملنا عوام کا حق ہے۔ خواتین کو محفوظ روزگار اور ٹرانسپورٹ درکار ہے، خواتین کی شکایت کیلئے کوئی ادارہ موجود نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ  بنو قابل پروگرام علاقوں کے حساب سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اپنے بچوں اور بچیوں کو موجودہ نظام کے سپرد نہیں کریں گے،  لیپ ٹاپ دے کر تصویریں بنوانے والے نہیں، ضرورت پڑی تو لیپ ٹاپ بھی دیں گے۔

مزیدخبریں