دکھی انسانیت ،بے روزگار  اور غیر تربیت یافتہ افراد کے لیے کام کریں:طارق محمود رحمانی

Oct 24, 2024 | 01:06 PM

لاہور (جاوید اقبال سے  )طارق محمود رحمانی کا شمار پنجاب میں  سینیئر ترین بیوروکریٹس میں ہوتا ہے آج کل محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل  ایجوکیشن میں بطور سپیشل سیکرٹری فرائض سرانجام دے رہے ہیں ،کئی اہم عہدوں پر فائض رہ چکے ہیں جب کورونا  آیا تو مکہ اور مدینہ میں بطور ڈائریکٹر حج تعینات رہے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے روضہ اقدس کے سایہ مبارک میں بیٹھ کر صرف ایک سال میں  حافظ قرآن بن گئے وہ سرکاری ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ اپنا فارغ وقت رحمانی  کمیونٹی اور دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے صرف کرتے ہیں۔وہرحمانی ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان رجسٹرڈ کے صدر بھی ہیں  رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ کا ہیڈ آفس اسلام آباد میں ہے ۔

رحمانی ویلفیئر پاکستان کی خدمات کے حوالے سے طارق محمود رحمانی کاروزنامہ " پاکستان" نے ایک تفصیلی انٹرویو کیا مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے طارق محمود رحمانی نے کہا کہ رحمانی ویلفیئر  ٹرسٹ کمیونٹی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے  عوامی خدمت کے قابل بنا رہا ہے ۔ رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ3 شعبوں میں کام کر رہا ہے اور یہی شعبے ہماری ترجیح ہیں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ پسماندہ اور دراز  علاقوں میں صحت کی سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی  کو یقینی بنانا ہمارا مشن ہے اس مقصد کے کے لیے جن اضلاع میں رحمانی کمیونٹی کی اکثریت ہے وہاں ویلفیئر  کے لیے ہمارے سینکڑوں یونٹ کام کر رہے ہیں۔

طارق محمود رحمانی نے کہا کہ 18 اضلا ع  میں رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ عملی طور پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے اب تک ہم مختصر ترین عرصہ میں اپنی مدد آپ کے تحت 4 درجن سے زائد فری وکیشنل ٹریننگ  انسٹیٹیوٹ قائم  کر دیئے گئے ہیں یہاں پر سینکڑوں نوجوان مرد اور عورتیں فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ اسی طرح سے صحت کے میدان میں بھی ویلفیئر ٹرسٹ گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے تقریباً 100 سے زیادہ فری ڈسپنسریاں بلا امتیاز صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں راجن پور جیسے پسماندہ اضلاع میں  بھی ہم  ڈیپ بورنگ کی مدد سے لوگوں کو  میٹھا پانی فراہم کر رہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کمیونٹی میں رابطے بڑھا رہے ہیں اپنی مدد آپ کے تحت ویلفیئر کے کام کیے جا رہے ہیں کسی سے چندہ نہیں لیتے رحمانی کمیونٹی  خوددار قوم ہے پاکستان کی فلاح و بہبود کے لیے پیش پیش ہے، رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ رنگ و نسل اور قومیت سے بالا تر ہو کر انسانیت   کے لیے کام کر رہا ہے  ۔

ایک سوال کا جواب میں طارق محمود رحمانی نے کہا کہ میں  مخیر حضرات کو دعوت دیتا ہوں  کہ وہ آئیں  رحمانی  ویلفیئر ٹرسٹ کے  قافلے میں شامل ہو کر ملک کے کونے کونے میں دکھی انسانیت ،بے روزگار  اور غیر تربیت یافتہ افراد کو ان کے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے کام کریں۔ رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ اپنے ٹیکنیکل وکیشنل انسٹیٹیوٹ کے ذریعے  نوجوانو ں کو فنی تعلیم دے کر اس قابل بنا رہا ہے کہ وہ مانگنے والے نہیں دینے والے بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  رحمانی ویلفیئر ٹرسٹ کی ڈسپنسریاں معیار میں کسی بھی طور پر کم نہیں ہے الٹراساؤنڈ  کی سہولیات بھی موجود ہیں مزید بہتر بنانے کے لیے مخیر حضرات آگے آئیں اور ہمارا ساتھ دیں ان کا دیا ہوا ایک ایک پیسہ انسانیت کی فلاح و بہبود  پر خرچ ہوگا۔

مزیدخبریں