پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام فن پاروں کی نمائش

Oct 24, 2024 | 08:24 PM

لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ 

نمائش میں آرٹ اور پائیداری کے باہمی تعلق کی تلاش پر مبنی 40 سے زائد فنکاروں کے مختلف فن پاروں کو پیش کیا گیا۔نمائش میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، وائس چانسلر بہاﺅالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر، پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر ثمینہ نسیم، حبیب عالم، ڈاکٹر اسنا مبشرہ، فیکلٹی ممبران، فنکار اور طلباو طالبات نے شرکت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر  ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد پائیداری اور ماحولیاتی مسائل کے بارے فن کے ذریعے شعور اجاگر کرنا تھا جو پینٹنگ، مجسمہ سازی، تنصیب، ڈیجیٹل میڈیا اور فائبر آرٹ سمیت مختلف فن پاروں کو یکجا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طرز عمل کو تبدیل کرنے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے پائیدار طریقوں کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں گرین انرجی کی طرف بڑھنا چاہیے۔کالج پرنسپل ڈاکٹر ثمینہ نسیم نے کہا کہ یہ نمائش معاشرے کو پائیداری اور ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کے بارے میں مکالمے میں شامل کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ میں منفرد صلاحیت موجود ہے جو تبدیلی کے عمل کو متاثر کرے اور یہ حیرت انگیز نمائش افراد کو ماحول پر اپنے اثرات پر غور کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

مزیدخبریں