کس کیس میں وزیراعظم اور الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔۔۔؟ سلمان اکرم راجہ نے"نشاندہی" کر دی

Sep 24, 2024 | 02:57 PM

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے  کہ مخصوص نشستوں کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم اور الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکتی ہے،عدالتوں کی تاریخ میں کسی جج نے ایسا نہیں کہا کہ میری عدالت کے اکثریتی فیصلے کو نہ مانا جائے، سپریم کورٹ نے بھی بہت کچھ غیر آئینی کیا پھر مانا بھی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار  نجی ٹی وی کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سےگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پروگرام میں وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے بھی شرکت کی ۔

پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئین کیا ہے اس کا تعین سپریم کورٹ آف پاکستان کرے گی، الیکشن کمیشن یاکوئی شخص نہیں کہہ سکتا کہ میری نظر میں آئین کا یہ مطلب ہے، سپریم کورٹ آئین کی تشریح کردے تو سب کو ماننا ہے، امریکی صدر نے سپریم کورٹ کافیصلہ ماننے سے انکار کیا اسے آج تک تاریخ کے سیاہ ترین الفاظ میں یاد رکھا جاتا ہے، سپریم کورٹ کی تشریح ہی آئین بن جاتی ہے،آرٹیکل 5اور آرٹیکل 189پڑھیے لکھا ہے آئین وہ ہوگا جو سپریم کورٹ کہے گا،سپریم کورٹ نے آئین کی تشریح کی ہے، جب تک آئین موجود ہے سپریم کورٹ اس کی تشریح کرے گا۔ 2جج صاحبان کا یہ کہنا غیرمناسب تھا کہ اکثریتی 8 ججوں کا فیصلہ نہ مانا جائے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت سپریم کورٹ وزیراعظم اور الیکشن کمیشن دونوں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرسکتی ہے۔

مزیدخبریں