غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکی صدر کا خطاب

Sep 24, 2024 | 07:57 PM

 نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، مشرق وسطیٰ میں جنگ کا پھیلاؤ کسی کے حق میں نہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بطور امریکی صدر اپنا آخری خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ کسی بھی ملک کو حق ہے کہ وہ یقینی بنائے کہ اس پر دوبارہ حملہ نہ ہو، دنیا 7 اکتوبر کے ہولناک واقعات کو کبھی نظر انداز نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل دو ریاستی حل ہے، فلسطنیوں کو اپنی ریاست میں رہنے کا حق ملنا چاہیے، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، غزہ کی صورتحال خراب ہے لیکن سفارتی حل اب بھی ممکن ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جنگ کا پھیلاؤ کسی کے حق میں نہیں، غزہ میں ہزاروں شہری اور اسرائیلی قیدیوں کے اہلخانہ سخت مشکل سے گزر رہے ہیں۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ امریکا سلامتی کونسل کی توسیع کے حق میں ہے، اقوام متحدہ کو دنیا میں امن قائم کرنے کے اپنے بنیادی کام کی طرف لوٹنا پڑے گا۔ مصنوعی ذہانت کیلئے عالمی قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں