مغوی بچے نے وکیل بن کر 17سال بعد اغواءکاروں کو سزادلوادی

Sep 24, 2024 | 08:15 PM

آگرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ کی ایک عدالت نے ایک بچے کے اغوا ءکے الزام میں گرفتار ملزم کو عمر قید کی سزا سنادی، بچہ 17 برس قبل اغوا ءہوا تھا۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نیرج کمار بکشے نے ایک ہفتہ قبل سنایا، لیکن یہ واقعہ 17 سال قبل یعنی 2007 میں پیش آیا تھا، جب ہرش گرگ کو اس کے گھر کے باہر سے اغوا ءکیا گیا تھا۔

ان 17  برسوں میں ہرش گرگ ایک 7 سالہ بچے سے اب 24 سالہ وکیل بن چکے ہیں اور انہوں نے اپنے اغواء کاروں کو عدالت میں پیش ہو کر خود ہی سزا دلوانے میں کامیابی حاصل کی۔ہرش گرگ کو 10 فروری 2007 کو اغوا ءکیا گیا تھا۔ ان کے والد روی کمار گرگ نے اغوا ءکو روکنے کی کوشش کی تو ان پر گولی چلائی گئی۔
اغواء کاروں نے ہرش کی رہائی کے بدلے 55 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، پولیس نے 26 دن بعد ہرش کو شیوپوری، مدھیہ پردیش سے بازیاب کروایا تھا۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کیا جن میں گڈن کاچھی، راجیش شرما، راج کمار، فتح سنگھ عرف چھگا، امر سنگھ، بلویئر، رام پرکاش اور بھیم عرف بھکاری شامل تھے۔

ان تمام ملزمان کو اب عمر قید کی سزا سنائی گئی اور 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ تاہم شواہد کی کمی کی وجہ سے4 دیگر ملزمان کو بری کر دیا گیا۔

ہرش گرگ کا کہنا تھا کہ "ہمیں خوشی ہے کہ انصاف ملا ہے، جس سے ملک کے عدالتی نظام پر ہمارا اعتماد بحال ہوا ہے۔" 
ہرش نے انصاف کو یقینی بنانے کےلیے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 2022 میں گریجویشن مکمل کیا۔ اس کے بعد سے وہ مقدمے کی کارروائی میں حصہ لیتے رہے ہیں۔17 ستمبر 2024 کو ہرش نے عدالت میں اختتامی دلائل دیئے اور اپنے اغواء کاروں کو سزا دلوانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ "میں نے ہر سماعت میں شرکت کی اور تمام گواہوں کو ان کی مقررہ تاریخوں پر عدالت میں پیش ہونے کو یقینی بنایا۔"

ہرش گرگ اس وقت عدالتی امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں اور اپنے قانونی کیریئر کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ انصاف کے حق میں آواز بلند کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔

مزیدخبریں