جسپریت بمرا کو ایشیا ءکپ کے بقیہ میچز میں آرام نہ دینے کا فیصلہ

Sep 24, 2025 | 01:43 PM

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ رائن ٹن ڈوسچیٹ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو ایشیا ءکپ کے بقیہ میچز میں آرام نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس فیصلے نے جسپریت بمرا کو مشکل میں پھنسا دیا ہے کیونکہ ان سے اگلے ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والی2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں بہتر کارکردگی کی امیدیں جڑی ہیں۔

ایشیا ءکپ کے باقی میچز میں ریسٹ نہ ملنے کے بعد آنے والی ٹیسٹ سیریز میں بھی عمدہ بولنگ کرنا جسپریت کیلئے کڑا چیلنچ ہو گا کیونکہ وہ پہلے ہی کمر کی انجری سے نمٹ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کمر کی انجری کےبعد بھارتی کرکٹ انتظامیہ نے فیصلہ کیا تھا کہ رواں سال جسپریت بمرا پر بولنگ کے بوجھ کو کم کیا جائیگا تاکہ وہ اہم ترین میچز میں اپنی صلاحتیوں کے جوہر دکھانے کے قابل رہ سکیں۔

اس انجری کی گہرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف 2-2 سے برابر ہونے والی 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں جسپریت بمرا صرف 3 میچز میں ہی بولنگ کرا سکے تھے۔

ایشیا ءکپ میں بھارت آج بنگلہ دیش جبکہ جمعہ کو سری لنکا کا سامنا کرے گا۔ فائنل بھی کھیلنے کی صورت میں جسپریت بمرا کو اس ٹورنامنٹ کے 3  میچز کھیلنا ہونگے جس کے فوراً بعد وہ 2 اکتوبر سے شروع ہونے والی2  ٹیسٹ میچز کی سیریز میں مصروف ہو جائیں گے۔

بھارتی فاسٹ بولر کی زخمی کمر یہ بوجھ شاید نہ سہہ سکے۔ لیکن ان مشکلات کو کوچ نے تسلیم نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا ءکپ کے بقیہ میچز میں شرکت جسپریت بمرا کو ورک لوڈ مینج کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔

مزیدخبریں