لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرسمَس پر کرسچین برادری اور دنیا بھر کے مسیحی برادری کے لئے خوشیوں اور محبتوں کا پیغام دیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہوں۔ کرسمس امن، محبت اور خدمت کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ ملک کی ترقی، تعلیم، صحت، اور دیگر شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ اقلیتی برادری کی قربانیوں اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور بھرپور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ حکومت پنجاب تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ فخر ہے کہ پنجاب پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کا مرکز ہے۔ اقلیتوں کے تحفظ اور بہتر زندگی کے لیے پرعزم ہیں، یہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب بہت جلد”مینارٹی کارڈ“کا اجرا ءکر رہی ہے۔ مینارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ قائداعظم کے وژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر مذہب اور ہر برادری کو مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہو۔ محبت، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضاء ہی ہمارے ملک کی اصل طاقت ہے۔