وزیر داخلہ محسن نقوی سےویٹی کن سٹی کے سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سےہولی سی (ویٹیکن سٹی) کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نےملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیرداخلہ محسن نقوی کے ویٹیکن سٹی کے دورہ کے حوالے سے گفتگوہوئی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ کو کرسمَس کی مبارکباد دی،وزیرداخلہ نے پوپ فرانسس اور مسیحی برادری کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسس سے ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی،پوپ فرانسس کی سماجی و معاشی انصاف اور انسانیت کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں،پوپ فرانسس کی دنیا میں امن کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ وزیر داخلہ کاکہناتھا کہ ویٹیکن سٹی کے دورے اور پوپ فرانسس سے ملاقات کی شاندار یادیں آج بھی تازہ ہیں،انہوں نے کہاکہ مسٔلہ فلسطین کے حوالے سے پوپ فرانسس نے جرأت مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے سراہاہے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ ویٹیکن سٹی اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کا شاندار موقع ہے،دوطرفہ وفود کے تبادلوں سے تعلقات میں بہتری آئے گی۔