لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرسمس ڈے کے موقع پر مینارٹی کارڈ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ ایسا پنجاب بنا رہے ہیں کہ کسی کو کسی قسم کا کوئی ڈر،خوف یا خطرہ لا حق نہ ہو۔مسیحی برادری کے لئے محفوظ معاشرے کے قیام پر خصوصی توجہ دے رہی ہوں۔ خوشی ہے ایسا پنجاب بن رہا ہے،جہاں ہم عید بھی مناتے ہیں، کرسمس، ایسٹر، دیوالی سمیت تمام تہوار مناتے ہیں۔پنجاب میں گرونانک جنم دن، بیساکھی اورہولی بھی منائی جاتی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منیارٹی کارڈ شروع کررہے ہیں۔مینارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن بھائیو ں کی گھر بیٹھے گزر بسر کے لیے ہر 3 ماہ بعد مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ مینارٹی کارڈ 2025ء کے شروع میں لانچ کردیا جائے گا۔
لاہور کے بڑے چرچ ہاؤس آف پرئیر میں کرسمس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ کرسمس کی تقریب میں شریک بہنوں،بھائیوں او ربزرگوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔میری کرسمس ٹو آل آف یو۔ مسیحی برادری کا شکریہ اداکرتی ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی خوشیوں میں شامل کیا۔رات کو وزٹ سے اجتناب کرتی ہوں لیکن مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کے لئے خصوصی طورپر آئی ہوں۔کرسمس کی رنگا رنگ تقریب سے بہت محظوظ ہوئی،بہت انجوائے کیا۔مسیحی برادری جس توجہ سے دعائیں کررہے تھے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، اللہ تعالیٰ آپ کی ساری دعائیں ضرور سنے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ میں نے 11سال کا نونٹ آف جیززاینڈ میری میں تعلیم حاصل کی،نن، سسٹرزاور فادرز کے درمیان تربیت حاصل کی-کرسمس کی تقریب میں مجھے کانونٹ آف جیزز اینڈ میری کا زمانہ طالب علمی یاد آگیا۔کانونٹ آف جیزز اینڈ میری میں ہر سال کرسمس تقریب ہوتی تو کرسمس کوئیر پیش کرنے کیلئے فرنٹ لائن میں کھڑی ہوتی تھی۔کرسمس کی تقریب میں موجود بچیاں،بچے سب خوبصورت لگ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ گھر سے آتے ہوئے محمد نوازشریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دینے کا پیغام دیا۔محمد نوازشریف نے مجھے سکھایا ہے کہ قرآن پاک کی پہلی آیت ہے الحمد للہ رب العالمین، تمام تعریفیں اس رب کے لئے جو تمام جہانوں کامالک ہے، صرف مسلمانوں کا مالک نہیں ہے۔محمد نوازشریف اکثر کہتے ہیں کہ مینارٹی کا لفظ استعمال نہ کیا کرو، اقلیتیں ہم سے بھی زیادہ پاکستانی ہیں۔اسی برس ایسٹر کی تقریب کے لئے شیخوپورہ کے نواحی علاقے مریم آباد گئی، مسیحی برادری کو مبارکباد دینے گھروں میں گئی،بہت محبت اوراحترام سے انہوں نے میرا استقبال کیا۔مریم آباد کی مسیحی ماؤں او ربہنو ں نے گلے لگا کر پیار دیا، گھر بٹھا یا، کھانا پینا بھی دیا۔ مسیحی برادری نے بتایا کہ مریم آباد چرچ میں ایسٹر منانے کے لئے کوئی چیف منسٹر 120 سال بعد آیا ہے۔میری تمام تر توجہ اقلیتی برادری کے لئے بہتر پاکستان اور بہتر پنجاب بنانے پر ہے۔مسیحی برادری کی پاکستان کے لئے بہت بڑی بڑی خدمات ہیں۔مجھے پتہ ہے کہ دل سے پاکستانی ہیں او رپاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں - مسیحی برادری کیلئے بجٹ 200فیصد تک بڑھا دیا ہے، میرا بس چلے تو مسیحی برادری کے بجٹ کو 5ہزار فیصد تک بڑھا دوں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ مسیحی برادری کا بجٹ بڑھانا کسی قسم کا احسان نہیں بلکہ آپ کا حق ہے۔ہ اقلیتی برادری کی جتنی مالی معاونت کرپائے کریں گے تاکہ نادار اقلیتی بہن بھائی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائیں۔ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے۔ آپ کی وزیراعلیٰ آپ کی ماں کی طرح ہے اور ماں اپنے بچوں میں تفریق نہیں کرتی۔میرے دل و دماغ میں مذہب کے نام پر کوئی تفریق نہیں ہے،مسلمان، کرسچن، ہندو، سکھ اوردیگر مذاہب کے لوگ سر کا تاج ہے۔ پنجاب حکومت کے ہر پراجیکٹ میں سب برادریوں کا برابر کاحصہ ہے۔ پنجاب کے عوام کی حفاظت اورترقی میری ذمہ داری ہے۔میں آپ کی وزیراعلیٰ ہوں اور آپ کے لئے دن رات کام کررہی ہوں۔میرے لئے اقلیت اور اکثریت سب برابر ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ کرسمس کی تقریب میں اس لئے آئی ہو ں کہ آپ کو احساس ہو کہ میں آپ کا حصہ ہوں اور آپ میرا حصہ ہے۔جو اقلیتی بہن بھائیوں کو تکلیف دے گا وہ مجھے تکلیف دے گا۔اقلیتی برادری کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ میرے دفتر، دل اور گھر کے دروازے اقلیتی برادری کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔میں آپ کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہوں۔دعا ہے اللہ تعالیٰ اقلیتی آبادی کو ہمیشہ شادو آباد اور خوش رکھے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ جب مجھے پتہ چلا کہ کرسمس تقریب میں 10ہزار لوگ ہیں تو میں 10ہزار کیک لائی ہوں۔کرسمس کے 10ہزار کیک مریم نوازشریف کی محبت کا ایک چھوٹا سا نذرانہ ہے۔