اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قائد اعظم نے وہ کر دکھایا جسے لوگ ناممکن سمجھتے تھے۔
روز نامہ امت کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر جاری کئے گئے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم کی انتھک محنت کی بدولت پاکستان وجود میں آیا۔وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ قائد اعظم اتحاد، انصاف اور مساوات پر یقین رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ قائد کی جدوجہد کا سفر محنت اور لگن کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارا فرض ہے قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لئے محنت کریں۔
واضح رہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 148 واں یوم پیدائش آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا تھا۔بابائے قوم کے یوم ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سرکاری اور غیرسرکاری ادارے خصوصی تقریبات کا انعقاد کریں گے۔