گوجرانوالہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے موریطانیہ کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر کو گرفتارکرلیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ایف آئی اے کے حوالے سے بتایا کہ مظفر گڑھ میں کارروائی کرکے موریطانیہ کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر عدیل احمد کو گرفتار کیا گیا جس نے گجرات کے رہائشی ریحان سے 40 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ریحان کوپاکستان سے دبئی اور پھر ایتھوپیا کے راستے سینیگال لے جایا گیا جہاں ریحان سینیگال سے موریطانیہ پہنچا اورپھرکشتی حاد ثے میں جاں بحق ہوا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم عدیل حادثے کے بعد سے روپوش تھا جس کے خلاف ریحان کے ورثا نے مقدمہ درج کرایا تھا، ملزم کو گرفتاری کے بعد گوجرانوالہ منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر کو افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر سپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔
سنسنی خیز انکشافات:موریطانیہ کشتی حادثے میں ڈوب کر ہلاک ہونے والوں پر انسانی سمگلرز کی جانب سے تشدد کرنے اور زندہ سمندر میں پھینکنے کا انکشاف ہوا تھا۔
حادثے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے بتایا تھا کہ سینیگال، موریطانیہ اور مراکش کے انسانی سمگلرز نے لوگوں پر تشدد کیا، بھوک پیاس سے جاں بحق ہوئے 4 لڑکوں کو سر اور چہرے پر ہتھوڑے سے ضربیں لگائیں اور سمندر میں پھینک دیا۔