راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کسٹمز عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان نے ماڈل آیان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کر لیا ، ملزمہ آیان علی کی جانب سے کیس میں مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر کسٹمز کو نوٹس جاری کر کے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی ملزمہ کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت انکوائری کی درخواست پر فیصلہ 30 مارچ کو سنایا جائے گا۔گزشتہ روز کیس کی سماعت عدالت میں شروع ہوئی تو ملزمہ وقت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئی جس پرعدالت کا وقت کی پابندی نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکیا دوران سماعت کسٹم کے وکیل بیرسٹر عون محمد نے بحث کرتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کہتا ہے کسی جرم کے ذریعے کمائی گئی رقم منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتی ہے جس پر فاضل جج نے ریمارکس میں کہا کہ کون ساجرم کر کے یہ رقم کمائی گئی ہے وضاحت کریںیہ صرف درخواست پربحث ہے ابھی تحقیقات شروع نہیں ہوسکتی عدالت جائیداد ضبطگی کا حکم نہیں دے سکتی سرکاری ادارے سے غلط طریقے سے حاصل کہ گئی رقم منی لانڈنگ کے زمرے میں آتی ہے کیا ملزمہ نے رقم کسی ادارے سے غلط طریقے سے حاصل کی اس پرکسٹم انٹیلی جنس کے وکیل بیرسٹر عون محمد نے کہا کہ ملزمہ نے رقم کہاں سے حاصل کی شک ہے پہلے بھی منی لا نڈر گ میں ملوث رہی ہے عدالت ایان علی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت تفتیش کی اجازت دے تو ایان علی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت انکوائری کی جائے گی اورملزمہ انکوائری میں ملزم ثابت ہوئی تو ایف آئی آر درج کی جائے گی عدالت نے بحث مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا،ملزمہ کی جانب سے عدالت میں حاضری سے استشنیٰ حاصل کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی جو لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے دائر کی ، عدالت نے درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے کسٹم حکام کو نوٹس جاری کر دیا، کراچی کی مشہور ماڈل آیان علی کے خلاف کسٹم حکام نے ایئرپورٹ سے غیر ملکی کرنسی برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کی۔