لاہور میں سموگ کا بھارت 30 فیصد، ہم خود 70 فیصد ذمہ دار ہیں: مریم اورنگزیب

Oct 25, 2024 | 04:29 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے لاہور میں سموگ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بھارت 30 فیصد ذمہ دار ہے جبکہ باقی 70 فیصد سموگ کا تعلق ہمارے اپنے اقدامات سے ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں سموگ کے بڑھتے مسائل کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے لاہور میں 45 لاکھ موٹربائیکس کی موجودگی، 1200 بھٹوں اور 6800 سے زائد انڈسٹریل یونٹس کی سرگرمیوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سموگ کا تیسرا مرحلہ ہے، “سموگ ایسے ہی نہیں آجاتی، ہم خود لاتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مختلف علاقوں بشمول شاہدرہ، شاد باغ، گلشن راوی، اور بادامی باغ میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی تشویش ناک حالت کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکلر روڈ اور شملہ پہاڑی سمیت دیگر مقامات پر بھی ہوا کی آلودگی بڑھ رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت سموگ کنٹرول کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتے گی۔ انہوں نے کہا کہ ”365 دنوں میں سے 275 دن ہمارے لئے مضر صحت ہیں اور عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتانہیں کیا جائے گا۔“ سموگ کے پھیلاو کے خلاف قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیںاور غیر قانونی بھٹوں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے چھ ماہ میں ماحولیات کی بہتری کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں، جن میں 50 سے زائد بھٹوں کے دورے شامل ہیں۔ پہلی بار 700 بھٹوں کو نوٹسز کے بعد مسمار کیا گیا اور آلودگی پھیلانے والے بھٹوں پر 97 ملین روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔
مریم اورنگزیب نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی سخت اقدام اٹھانے کی بات کی اور کہا کہ ”دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اب سڑک پر نہیں چل سکیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک بیگز کا استعمال نہ کریں کیونکہ حکومت اس کے استعمال کو روکنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

مزیدخبریں