بنوں میں پولیس موبائل پر فائرنگ، ایس ایچ او جانی خیل اور محافظ شہید

Oct 25, 2024 | 05:33 PM

بنوں (ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں سٹیشن ہاوس افسر (ایس ایچ او) محافظ سمیت جاں بحق ہو گئے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی، ملزمان نے فائرنگ کر دی، واقعے کے بعد پولیس کی نفری طلب کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بنوں میں دہشت گرد حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات میانوالی کے علاقے ملاخیل میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ خوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ گزشتہ رات ہی ڈیرہ اسمٰعیل خان میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر فتنہ خوارج کے حملے میں 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں